لاہور: (دنیا نیوز) اسد عمر کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد کورونا ویکسی نیشن کے بغیر ہوائی سفر پر پابندی ہوگی، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز اور شادی ہالز میں آنے والوں کی ویکسی نیشن لازم ہے، 17 سال سے زائد عمر کے طلبا کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، طلبا کے ٹرانسپورٹیشن عملے کو 31 اگست تک ویکسین لگوانا ہوگی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نینشل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 31 اگست کے بعد اسکول ٹرانسپورٹر ویکسین کے بغیر کام نہیں کرسکے گا، اسکول وین ڈرائیوز کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، ہوٹل اور شادی ہالز میں آنیوالوں کیلئے 30 ستمبر تک ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ 15 اکتوبر کے بعد موٹروے پر سفر کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، 15 اکتوبر کے بعد بغیر ویکسی نیشن پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی، 17 سال یا زائد عمر کے طلبا 15 ستمبر تک ویکسین لازمی لگوائیں، حکومت کیلئے ہر پاکستانی کی صحت اہم ہے، تعلیمی اداروں میں 89 فیصد اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، وبا کی وجہ سے جو بندشیں لگائی جا رہی ہیں وہ عوام کے مفاد میں ہیں۔
معاون خصوصی فیصل سلطان نے کہا کہ یکم ستمبر سے 17 سال سے اوپر نوجوانوں کیلئے ویکسی نیشن شروع کر رہے ہیں، کمزور دفاعی نظام کے حامل نوجوانوں کیلئے مخصوص ویکسی نیشن شروع کر رہے ہیں، کسی دوسرے ملک سے ویکسی نیشن کرانیوالے افراد کا اندراج بھی نادرا ویب سائٹ پر ہوسکے گا، ویکسین لگوائیں اور اصل کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ نادرا ویب سائٹ سے حاصل کریں۔