علی گیلانی نے حق خود ارادیت کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی:عمران خان

Published On 02 September,2021 09:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیّد علی گیلانی نے کشمیریوں کےحق خود ارادیت کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران کشمیری حریت لیڈر سید علی گیلانی کیلئے فاتحہ ادا کی گئی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ سیّد علی گیلانی نے کشمیریوں کےحق خود ارادیت کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھی۔ پاکستان کی عوام کی تمام تر ہمدردیاں سوگواران کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کے درمیان ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں گورننس سمیت دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں: سیّد علی گیلانی کا انتقال، صدر، وزیراعظم سمیت دیگر کا اظہار افسوس

گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، انہوں نے اپنی تمام زندگی کشمیر کی آزادی اور ان کے حقوق کے لیے صرف کی۔ انہوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے نظر بندی اور تشدد کا بھی سامنا کیا، اور ہمیشہ پر عزم رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ بطورِ پاکستان ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے الفاظ ’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے‘ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے سیّد علی گیلانی کے انتقال پر ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جھنڈا سر نگوں رہے گا۔
 

Advertisement