برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہشمند: وزیر خارجہ ڈومینک

Published On 03 September,2021 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہشمند ہے، طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا قبل از وقت ہے، دیکھ رہے ہیں طالبان کیا رویہ اپناتے ہیں، عالمی برادری افغان عوام کی مالی امداد جاری رکھے گی۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی سے مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، افغانستان سے برطانوی شہریوں کے انخلا میں پاکستان کی مدد پر شکر گزار ہیں۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر خارجہ سے افغانستان کی تازہ صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات پر بات ہوئی، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات ہوئی، برطانیہ اور پاکستان کی خواہش ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام آئے، فیٹف کے معاملے پر برطانوی وزیر خارجہ سے بات ہوئی، پاکستان کے ریڈ لسٹ میں ہونے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
 

Advertisement