امریکہ افغان جنگ ہار چکا، کابل سے انخلا کے بعد سپر پاور نہیں رہا: برطانوی وزیر دفاع

Published On 03 September,2021 12:24 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیر دفاع بین والیس نے کہا ہے کہ کابل سے نکلنے کے بعد امریکا سپر پاور نہیں رہا، امریکا افغانستان کی جنگ ہار چکا ہے۔

برطانوی وزیر دفاع بین والیس کا کہنا تھا کہ جنگ ہارنے کے بعدامریکا اب صرف بڑی طاقت ہے، سابق صدرٹرمپ نے طالبان سے معاہدہ کر کے امریکا کو کمزور کیا۔ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن طالبان کی جیت مان چکے تھے، امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں افراتفری پیدا ہوئی۔

ادھر افغانستان میں نئی حکومت کے خدوخال جلد سامنے آنے والے ہیں۔ طالبان رہنما احمدللہ متقی نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و ثقافت صدارتی محل میں حکومتی معاملات،عہدوں پر مشاورت کر رہی ہے۔ طالبان کے سربراہ ملا ہبت اللہ اخونزادہ کے ماتحت گورننگ کونسل بننے کے امکانات ہیں، کونسل کے تمام عہدیدار سربراہ کونسل کے ماتحت ہوں گے۔

 پنج شیر میں بدامنی کی فضا بدستور قائم ہے۔ طالبان نے مزاحمتی اتحاد کے 34 جنگجوؤں کو ہلاک کرتے ہوئے صوبے کی 11 پوسٹوں پر قبضہ جما لیا ہے۔ ترجمان طالبان کا کہنا ہے صوبہ پنج شیر کے لیڈر احمد مسعود نے غیر معقول مطالبات کرتے ہوئے نئی حکومت میں 30 فیصد حصہ مانگ لیا تھا۔
 

Advertisement