لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ایف آئی اے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور بیان دیا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، ایف آئی اے نے بھی جھوٹا کیس بنایا۔
شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ جب بھی ایف آئی اے نے مجھے بلایا پیش ہوا۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر سے استفسار کیا کہ اگر نیب کا کیس بھی یہی ہے تو آپ اس معاملے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کر سکتے تھے، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
عدالت نے تفتیش مکمل نہ ہونے پر ایف آئی اے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ دو ماہ میں آپ نے صرف چار لائنیں لکھی ہیں، آئندہ سماعت پر تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر رضوان خود پیش ہوں۔