لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث ملتان میں موٹروے ایم 4 اور ایم 5 کو پبلک ٹرانسپورٹ کے لیئے بند کر دیا گیا، نجی ٹرانسپورٹ کو موٹروے استعمال کرنے کی اجازت ہو گی
کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کے احکامات پر ملتان میں موٹروے ایم فائیو ملتان تا سکھر اور ایم فور ملتان تا پنڈی بھٹیاں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے لیئے بند کر دیا گیا ہے۔ گاڑیوں کو موٹروے انٹر چینجز سے ہی واپس بھیجا جا رہا ہے۔
تاہم نجی ٹرانسپورٹ کو موٹروے استعمال کرنے کی اجازت ہے، آئل ٹینکرز اور مال بردار گاڑیوں کو بھی سخت ایس او پیز کے تحت موٹروے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اتوار کا دن خصوصی طور پر کورونا کی دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔
وہ تمام افراد جن کی دوسری ڈوز کا مقرر وقت ہو چکا ہے وہ ہفتے کے ساتوں دن میسج کا انتظار کیئے بغیر کسی بھی ویکسین سینٹر سے اپنی دوسری ڈوز لگوا سکتے ہیں
— NCOC (@OfficialNcoc) September 4, 2021
اتوار کا دن خصوصی طور پہ دوسری ڈوز کے لئیے مقرر ہے
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کورونا ویکسین کی دوسری ڈوزلگوانے والے افراد کو اہم اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ وہ تمام افراد جن کی دوسری ڈوز کا مقرر وقت ہو چکا ہے وہ میسج کا انتظار کیے بغیر ویکسین سینٹر پہنچے اور ویکسین لگوائیں۔،
این سی او سی کے مطابق اتوار کا دن خصوصی طور پر دوسری ڈوز لگوانے والوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ملک بھر میں 6 کروڑ سے زائد افراد کو انسداد کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے۔
Vaccine Statistics:
— NCOC (@OfficialNcoc) September 4, 2021
Vaccine administered across Pakistan on 3 Sep: 1,151,390
Total vaccine administered till now: 60,536,148
Pakistan crossed 60 Million doses benchmark!
این سی او سی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ گزشتہ روزملک میں 11 لاکھ 51 ہزار 390 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ ملک بھر میں اب تک 6 کروڑ 5 لاکھ 36ہزار 148 ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
دوسری طرف کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہوائی سفر سے متعلق سول ایوی ایشن نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پر کورونا ویکسی نیشن کو یکم اکتوبر سے لازمی قرار دے دیا گیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن کی دو ڈوز لگانے والے مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ 17 سال اور زائد عمر کے مسافروں کو بغیر کورونا سرٹیفکیٹ جہاز میں سوار نہ ہونے دیا جائے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے۔ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا۔ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق میڈیکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
سی اے اے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں پر سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی شرط برقرار ہے۔ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔