راولپنڈی: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطے کی ترقی کا راز کشمیر کے منصفانہ حل کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کی نفی ہے۔ جبر سے کشمیریوں کو زیادہ عرصہ دبایا نہیں جا سکتا۔
صدر مملکت کا یوم دفاع وشہدا کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں کی مدد کرتے رہیں گے۔ کشمیریوں کے جذبےاور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آزادی کے سفر میں بہت مشکل مرحلے آئے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہمسائے نے ہماری آزادی کو دل سے تسلیم نہیں کیا، بھارت نے ہر موقع پر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے دعاگو ہیں۔ امید ہے افغانستان میں امن کیلئے دنیا ہماری کاوشوں کو سراہے گی۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ بدلتی افغان صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج اور عوام نے بے شمار قربانیاں دیں۔ مسلح افواج کی قربانیوں نے آنیوالی نسلوں کا مستقبل محفوظ کیا۔ بہادر افواج نے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا۔
صدر کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی ہمارے شاندار مستقبل کی ضمانت ہے۔ شہدا کے خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کسی آزمائش میں قوم اور فوج کا رشتہ نہ مٹنے والا ہے۔ ہمارے شہدا ہمارا فخر اور سر کا تاج ہیں۔ ملک کا ہر بچہ وطن کیلئے جان دینے کے لیے تیار ہے۔