میلسی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کردار کشی اور غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے ہیں۔ آصف زرداری اور بے نظیر شہید کو چور کہنے والے آج خود سرٹفائیڈ چور ہیں۔
میلسی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے امت مسلمہ کی قیادت کولاہورمیں اکٹھا کیا تھا لیکن ان کے خلاف مہم چلا کر انہیں کافر کہا گیا۔ قائدعوام نے 90 ہزار جنگی قیدی واپس دلوائے۔ پاکستان کا اگر دفاع کیا تو قائد عوام نے کیا، انہوں نے ہی پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ظالم نے بیس ہزار خاندانوں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ ہم یہ ظلم نہیں مانتے، اس فیصلے کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔ عدالت، پارلیمان اور سڑکوں پر بھی مقابلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ہمیں چور کہتے ہیں وہ خود آٹا، چینی چورہیں۔ آصف زرداری دور میں کسان خوشحال تھا، کیا آپ بھول چکے ہیں؟ کیا سلیکٹڈ کے دور میں کسانوں کو فائدہ ہو رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ مرد حر کے دور میں بے نظیر انکم سپورٹ انقلابی پروگرام شروع ہوا تھا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے والے لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ احساس، احساس کرنے والوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے۔