حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے اقدامات کررہی ہے: صدر علوی

Published On 07 September,2021 07:17 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے،اقلیتوں کو تعلیم اور سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مکالمے کی روایت عام کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیلا رام کیولانی کی قیادت میں قومی اقلیتی کمیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سیّد عبدالخبیر آزاد، جے پال چھابڑیہ، مفتی گلزار نعیمی، ویشنو راجہ، ڈاکٹر سارہ صفدر اور قومی اقلیتی کمیشن کے دیگر ارکان شامل تھے۔

وفد نے صدر مملکت کو اقلیتوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔صدر نے وفد کو مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ وفد نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کاوشوں اور ذاتی دلچسپی پر صدر مملکت کے کردار کی تعریف کی۔

عارف علوی نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔حکومت اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور دیکھ بھا ل کےلیے بھرپور کاوشیں کررہی ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کیلئے سرکاری نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ۔

اقلیتوں کو تعلیم اور سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔اقلیتی رہنما اپنی کمیونٹی میں نوجوانوں کو تعلیم اور سرکاری نوکریاں حاصل کرنے پر راغب کریں۔ صدر مملکت نے کہاکہ آئین پاکستان اقلیتوں کو برابری کے حقوق فراہم کرتا ہے۔ ریاست اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔ملکی ترقی کیلئے ایک جامع اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل ناگزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کے طلبا کو تعلیمی وظائف اور مالی امداد فراہم کررہی ہے ۔کامیاب جوان پروگرام کے تحت اقلیتی برادری کے نوجوان اور خواتین کاروبار کیلئے قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مکالمے کی روایت عام کرنا ہو گی۔ امید ہے کہ قومی اقلیتی کمیشن بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
 

Advertisement