ملتان: کنٹونمنٹ بورڈزالیکشن کے دوران جھگڑا، کارکنان گتھم گتھا، خواتین بھی لڑ پڑیں

Published On 12 September,2021 10:40 am

ملتان: (دنیا نیوز) کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن کے دوران مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنز پر قواعد کی خلاف ورزیاں جاری رہیں جس پر لڑائی جھگڑے اور دنگا فساد کے واقعات پیش آئے، اس دوران پولنگ کا عمل بھی متاثر ہوا۔

کہیں توں تکرار،کہیں لڑائی، کہیں جھگڑا، کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات مگر کہانی وہی پرانی، ملتان میں ہنگامہ آرائی پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی کوشش پر ہوئی۔ دونوں جانب سے کارکنان نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ مرد ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے تو خواتین بھی پیچھے نہ رہیں، پولنگ کا عمل متاثر ہوا تو پولیس حرکت میں آئی اور ہنگامہ آرائی کرنےوالوں کوباہرنکال دیا۔

راولپنڈی کے چکلالہ کینٹ وارڈ نمبر 7کے خواتین پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں میں تصادم ، الیکشن کا عمل متاثر ہوا ۔رتہ امرال میں تحریک لبیک اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں بدمزگی اور ہاتھا پائی پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہجوم کو منتشر کر دیا۔

کراچی میں ریٹرننگ افسر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ سلیم حسن وٹو نے کارروائی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 4 سے 2جعلی پولنگ ایجنٹ گرفتار کر لئے جو بغیر دستاویزات کے وارڈ نمبر 4 خواتین کے پولنگ اسٹیشن کے اندر تھے، دونوں کا تعلق دو مختلف سیاسی جماعتوں سے بتایا جارہا ہے۔
 

Advertisement