2021 ء میں واپڈا پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے ریکارڈ ٹوٹ گئے

Published On 13 September,2021 08:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) واپڈا پن بجلی گھروں سے گزشتہ رات پیک آورز کے دوران نیشنل گرڈ کو 8ہزار854 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی جو 2021 ء میں پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ رات پن بجلی کی یہ پیداوار گزشتہ سال کے اسی دِن کی نسبت تقریباً ایک ہزار277 میگاواٹ زیادہ ہے۔ پن بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ تربیلاہائیڈل پاور سٹیشن اور تربیلا چوتھے توسیعی ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار سے ممکن ہوا۔

گزشتہ روز پیک آورز کے دوران پن بجلی کی پیداوار کی تفصیلات کے مطابق تربیلاسے مجموعی طور پر چار ہزار 926میگاواٹ، منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے 920 میگاواٹ، غازی بروتھا سے1450میگاواٹ،نیلم جہلم سے 850 میگاواٹ جبکہ دیگر بجلی گھروں سے 708میگاواٹ پن بجلی قومی نظام کو مہیا کی گئی۔

ملک بھر میں نیلم جہلم سمیت واپڈا کے پن بجلی گھروں کی تعداد 22ہے جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 9 ہزار 406میگاواٹ ہے، جو نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً37 ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرتے ہیں۔ پن بجلی کی یہ پیداوار ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے اور سستی ترین بجلی ہونے کی وجہ سے صارفین کے لئے بجلی کے نرخوں کو کم سطح پر رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے تناسب میں اضافہ کرنے کیلئے واپڈا ایک مربوط پروگرام پر عمل کر رہا ہے۔ جس کے تحت پن بجلی کے کئی ایک منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ یہ منصوبے 2023 ء سے 2028-29ء کے دوران مکمل ہوں گے۔ اِن منصوبوں کے مکمل ہونے پر واپڈا کی پیداواری صلاحیت9ہزار 406میگاواٹ سے بڑھ کر 18ہزار 431میگاواٹ ہو جائے گی۔ اسی طرح واپڈا کی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جانے والی سستی اور ماحول دوست بجلی بھی 37 ارب یونٹ سے بڑھ کر 81 ارب یونٹ سالانہ ہو جائے گی۔