لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب ایف آئی اے اور نیب سے عدالتوں میں جھوٹ بلوا رہے ہیں، یہ تمام وہی جھوٹے مقدمات اور الزامات ہیں جن کو بنانے کے لئے عمران خان نے سابق ڈی جی ایف آئی پہ دباؤ ڈالا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی ایف آئی اے بنکنگ جرائم کورٹ میں پیشی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عمران صاحب کے شہباز شریف کے خلاف ذاتی بغض، حسد اور سیاسی انتقام نے اِن مرے ہوئے مقدموں کو زندہ رکھا ہوا ہے، عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر اپنی مری ہوئی سیاست کو زندہ رکھا ہوا ہے لیکن عمران صاحب، نیب اور ایف آئی اے کے ساتھ ایک مرتبہ الٹے ہوں، پھر سیدھے ہوں، پھر الٹے اور سیدھے ہوں تو بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوگی۔