مغربی دنیا افغانستان کے معاملے پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتی ہے:قریشی

Published On 26 September,2021 11:52 pm

لندن:(دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مغربی دنیا افغانستان کے معاملے پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتی ہے،افغانستان کے عوام جنگ سے تھک چکے ہیں اور وہ امن چاہتے ہیں جبکہ افغانستان میں صورتحال کے ذمہ دار وہاں کے سابق حکمران ہیں۔

لندن کے پاکستان ہاؤس میں عشائیہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکت کی اور کہا کہ ہائی کمشنر اراکین پارلیمنٹ اور کمیونٹی رہنماؤں کو میرا سلام، میں وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اردو میں خطاب کروں گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اکتیس وزرائے خارجہ سے ملاقات ہوئی، سات وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ نیو یارک میں بہت ساری ملاقاتیں ورچوئل تھیں۔

پاکستان کو برطانیہ کی جانب سے ریڈ لسٹ سے نکالے جانے پربات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال پر پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات متاثر ہو رہے تھے، لگتا تھا کہ سیاسی بنیادوں پر پاکستان کا نام ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا، ڈومینک راب سےپاکستان میں ملاقات ہوئی اور ہم نے کہا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنا سائنسی نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا نام ریڈ لسٹ میں شامل ہوا تو اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان کا مقدمہ لڑا، اراکین برطانوی پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور یہ جان کر خوشی ہوئی کہ برطانیہ میں حالات معمول کے مطابق لوٹ رہے ہیں۔
 

Advertisement