لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی کے فیصلے پر حکومتی صفوں میں کہرام مچا ہوا ہے، سوا تین سال میں طوفان بدتمیزی مچا رہا، اربوں کے الزامات لگے، نیب، ایف آئی اے کو ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا، اب حقائق پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی صفوں میں کہرام مچا ہوا ہے، مجھ پر لگایا گیا کونسا الزام ثابت ہوا ؟ ملتان میٹرو کی پوری چھان بین کی گئی، وزراء دن رات ٹی وی پر بے بنیاد الزامات لگاتے رہے، ڈیلی میل میں میرے خلاف اسٹوری چھپوائی گئی، مجھے اور پارٹی ارکان کو جیل بھجوایا گیا، کیا نکلا ؟ سب نے صریحاً جھوٹ بولا، نیب، ایف آئی اے میں ہم پر اربوں، کھربوں کے الزامات لگائے گئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا این سی اے نے لندن کی عدالت میں دستاویزات جمع کرائیں، 11 دسمبر کو اے آر یو کی جانب سے این سی اے کو خط ملا، قوم کو دھوکا دینے کیلئے انہوں نے جھوٹ بولا، یہ لوگ میرے اور بیٹوں کیخلاف این سی اے گئے، این سی اے نے دستاویزات مانگی نہیں، انہوں نے خط لکھا، 9 دسمبر 2019 کو این سی اے حکام کی شہزاد سلیم سے ملاقات ہوئی، حکومت نے تاثر دیا کہ این سی اے نے خود رابطہ کیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ڈیلی میل اسٹوری میں رتی بھر سچائی ہوتی تو مجھ سے رقم نکلوا لیتے، این سی اے نے کہا ہم نے تحقیقات ختم کر دیں، عدالت نے ٹھپہ لگا دیا، عمران نیازی اور ان کے چیلوں کا جھوٹ بے نقاب ہوا، مجھے بدنام کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، قدرت کا نظام ہے، وقت ثابت کرے گا کون صادق اور امین ہے، کیا علیمہ خان کی مشینوں کا کیس این سی اے کو بھیجا ؟ یہ سنگین مذاق اب ختم ہونا چاہیئے۔