اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کامیاب پاکستان پروگرام کا افتتاح 4 اکتوبر کو کریں گے، وفاقی وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس میں چودہ سو ارب کے قرضے 37لاکھ گھرانوں کو دیئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ یہ پروگرام معاشرے کے محروم طبقات کی زندگیاں بدلنے اور انہیں مالی لحاظ سے بااختیار بنانے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ یقیناً پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا پروگرام ہے جس کے تحت مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے بینکوں اور کم آمدنی والے طبقات کو آپس میں جوڑے گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے مزید کہا کہ یہ غریب اور کمزور طبقات کے حوالے سے ریاست کے احساس ذمہ داری کی عملی تعبیر ہے، کامیاب پاکستان پروگرام کے پانچ جزو ہیں، کامیاب کسان کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔ کامیاب کاروبار پروگرام کے تحت کاروبار کے لئے پانچ لاکھ تک بلا سود قرضے دئیے جائیں گے، سستا گھر سکیم کے تحت اپنا گھر بنانے کے لئے آسان اقساط پر فنانسنگ کی سہولت میسر ہو گی۔ حکومت پاکستان کے کامیابی سےجاری سکالر شپ سکیم اور صحت انصاف کارڈ کو کامیاب پاکستان پروگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔