اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو توسیع دینے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ حکومتی کمیٹی کی جانب سے نیب آرڈیننس میں ایک سے زائد ترامیم تجویزکی گئی ہیں۔ وزیر اعظم آج سفارشات کی منظوری دیں گے۔
گزشتہ روز ہونے والے کمیٹی اجلاس میں چیئرمین نیب کی توسیع سے متعلق قانونی نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کئی ترامیم پیش کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ترامیم وزیر قانون فروغ نسیم، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان اور شہزاد اکبر نے تیار کی ہیں۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال کی توسیع سے متعلق حتمی منظوری آج وزیراعظم سے اجلاس میں لی جائے گی۔
واضح رہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کی مدت ملازمت 8 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر بھی گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔