لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے اقوام متحدہ کے شعبہ برائے انسانی ہمدردی اور کوآرڈی نیشن کی ہیڈ چوائس یوفواوما اکارو نے وفد سمیت ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر بھی شریک تھے۔
اقوام متحدہ کے شعبہ برائے انسانی ہمدردی اور کوآرڈی نیشن وفد میں فاطمہ اقبال، صالحہ سلیم اور محمد ارشاد، محکمہ ریسکیو 1122 کی دیبا شہناز اور محمد ریاض بھی ملاقات میں موجود تھے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 ہمارے دور کا انسانی خدمت کا ایسا ادارہ جسے ن لیگ کی حکومت مخالفت کے باوجود بھی بند نہ کر سکی، ریسکیو 1122 کی کورونا کے دوران جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خدمات قابل تعریف ہیں، ریسکیو 1122 کی بے پناہ خدمات پر پنجاب اسمبلی سے اس کے سروس سٹرکچر بل کو منظور کروایا تاکہ محکمے کے اہلکاروں کو معاشی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کا رسپانس ٹائم 7 منٹ اور یہ ادارہ بلا امتیاز تمام انسانیت کی خدمت کرتا ہے، ادارے کی کورونا کے دوران جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خدمات قابل تعریف ہیں، ریسکیو ٹیمز نے 22000 کورونا کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا اور 4194 انتقال کرنے والوں کی تدفین بھی کی۔ یو این ایچ ایس کی جنوبی ایشیا کی پہلی ریسیکو ٹیم کی سرٹیفکیشن قابل تعریف ہے۔ امید ہے یو این ایچ ایس پنجاب کے تمام اضلاع میں ریسکیو اہلکاروں کی ٹریننگ میں تعاون فراہم کرے گی۔