فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم سعودی عرب سے واپسی پر عوام کے لئے پیکیج کا اعلان کریں گے ۔
فیصل آباد کے علاقے رسالہ نمبر بارہ میں پارک، ڈسپنسری اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا وہ ٹولہ مہنگائی کی بات کرتا ہے جسے عوام نے اقتدار سے الگ کیا۔ ایک دوسرے کو سلیکٹر قرار دینے والے عوام کی بات کیا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول سے پوچھتا ہوں کہ پنجاب میں آٹا تھیلا 1300 روپے میں اور سندھ میں 1400 روپے کا مل رہا ہے۔ کراچی کے منصوبے بھی وفاقی حکومت بنارہی ہے ۔ اپوزیشن کا احتجاج ہمارے خلاف نہیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف ہے۔ ہم غریب عوام کے لئے فوڈ سپورٹ پروگرام لا رہے ہیں ۔ خوردنی تیل کی قیمتیں جلد کم ہو جائیں گی ۔ گھی ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گنے کی فصل اس سال 25 فیصد زیادہ آئے گی اور زیادہ پیداوار سے چینی کی قلت ختم ہو جائے گی۔ پاکستانی کرکٹ کے شاہین اتوار کو پرجوش ہوکر میدان میں اتریں گے ۔ پوری قوم کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں۔