تہران: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان عوام کو معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کیلئے معاونت کرے،افغان عوام کی معاونت کیلئے منجمد اثاثے فوری بحال کئے جائیں۔افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور ایران ایک پیج پر ہیں۔افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے،امن سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان اور ایران کے نکتہ نظر میں مماثلت ہے،اس سلسلے میں دونوں ممالک ایک پیج پر ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں افغانستان اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک علاقائی روابط کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہیں،ہم افغانستان میں امن و استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ افغانستان کے عوام گزشتہ چار دہائیوں کے دوران جنگوں سے تنگ آ چکے ہیں اور وہ افغان عوام خصوصی امن و استحکام کے مستحق ہیں، عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے میں معاونت کرے۔ افغانستان میں امن سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ افغان عوام کی معاونت کیلئے منجمد اثاثے فوری بحال کئے جائیں۔