تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ امریکا کی افغانستان میں فوجی ناکامی نے ملک میں دیرپا امن قائم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ابراہیم رئیسی نے کہا ہے امریکا کی فوجی شکست اور اس کے انخلا کو افغانستان میں زندگی ، سلامتی اور پائیدار امن کی بحالی کا موقع بننا چاہیے۔ وہ افغانستان میں استحکام کی بحالی کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور پڑوسی اور برادر ملک کی حیثیت سے ایران چاہتا ہےکہ افغانستان میں تمام گروہ قومی معاہدہ تشکیل دیں ۔
واضح رہے کہافغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد امریکی حمایت یافتہ افغان فوج کی شکست کے بعد طالبان نے اتوار کو افغان دارالحکومت کابل کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔
خیال رہےکہ امریکا ماضی میں ایران پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ امریکی افواج کے خلاف طالبان جنگجوؤں کو خفیہ امداد فراہم کرتا رہا ہے تاہم تہران نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔
گزشتہ روز ایران نے کہا تھا کہ اس نے افغانستان سے بھاگ کر آنے والے افغانوں کو عارضی پناہ دینے کے لیے تین صوبوں میں انتظامات کیے ہیں ۔