اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ قومی سلامتی کمیٹی کو کالعدم تنظیم کے احتجاج سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ شرکا کو کالعدم تنظیم کے بیرونی رابطوں سے متعلق بھی بتایا گیا۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کو موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پولیس پر سیدھی فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے کچھ پولیس اہلکار شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہونگے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی غیر قانونی مطالبہ تسلیم نہیں کریں گے، ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنیوالوں سے رعایت نہیں برتی جائےگی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیم کے ساتھ بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچی، ممکن ہے کہ کالعدم تنظیم سے مذاکرات کا ایک اور دور ہو، دونوں طرف سے جانیں بہت قیمتی ہیں، پولیس کو رینجرز کے ماتحت کر دیا، حکومتی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں مذاکرات کی رپورٹ پیش کی، پنجاب میں پولیس کو رینجرز کے ماتحت کر دیا، امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، شام کو مذاکرات ہوں گے، ہم نے جو دستخط کیے تھے ان پر قائم ہیں، انہوں نے وعدہ کیا تھا جی ٹی روڈ کھول دیں گے، 4 پولیس اہلکارشہید جبکہ 80 زخمی ہوئے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم قوم سے خطاب کے دوران حالات حاضرہ قوم کے سامنے پیش کریں گے، وزیراعظم کا خطاب ہی پوری حکومت کا بیانیہ ہوگا، میں نے وزیراعظم سے پوچھ کر دستخط کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں میڈیا پر ساری باتیں کی جائیں، سعد رضوی سے بھی بات چیت ہو رہی ہے، مذاکرات ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، کالعدم تنظیموں کو جب موقع ملتا ہے وہ اسلام آباد کا رخ کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐ کے جلسے کو دھرنے میں تبدیل کر دیا گیا، یہ ساتویں بار اسلام آباد آ رہے ہیں، مظاہرین راستے کھول دیں، اپنے مرکز واپس چلے جائیں، 79 تنظیمیں ملک میں کالعدم ہیں اور الیکشن بھی لڑ رہی ہیں، پنجاب میں پولیس کو رینجرز کے ماتحت کر دیا، رینجرز کو قانون نافذ کرنے کیلئے تمام اختیارات ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت، امریکا، برطانیہ، ساؤتھ افریقہ سے واٹس ایپ چل رہا ہے، ان کے سارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس باہر سے چل رہے ہیں۔