کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے تین سال میں تبدیلی نہیں تباہی آئی، مہنگائی اور بے روز گاری میں مسلسل اضافہ ہوا، ملک میں ہر چیز بربادی کی داستان سنا رہی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک کہتے ہیں ڈالر مہنگا ہونے سے اوورسیز کو فائدہ ہوتا ہے۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تبدیلی کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئی تھی، مگر پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے بعد تبدیلی نہیں تباہی آگئی، ایسا لگتا ہے پاکستان کے عوام حکومت کی جاگیر ہیں، رکشہ ڈرائیور کو ایف 16 چلانے کو دے دیا جائے تو وہ نہ چلا پائے گا بلکہ اسے تباہ کر دے گا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی پر مہنگی ایل این جی لینے کے الزامات لگتے تھے، آج شاہد خاقان عباسی کے دور سے زیادہ مہنگی ایل این جی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں 13 سال سے حکمرانی ہے، وزیراعلیٰ سندھ آج مظاہروں کی قیادت کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کو سیاسی غازی نہیں بننے دیں گے، سندھ حکومت نے 13 سال میں ایک قطرہ صاف پانی کا نہیں دیا، کورونا وبا کے دوران پیپلزپارٹی حکومت نے شہر میں کاروبار تباہ کر دیا۔