اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر الشرافی نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان و افغانستان کے لئے ہمیں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔
پشاور میں مولانا سمیع الحق کی برسی تقریب اور قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طاہر الشرافی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مضبوط ہونا افغانستان کا مضبوط ہونا ہے۔ ہمیں اتحاد و اتفاق سے ہر طرح کے انتشار کا مقابلہ کرنا ہے۔ دنیا اور اس خطہ کے امن کے لئے ضروری ہے کہ دنیا طالبان سے بات کرے۔ مزاکرات کی میز پر بیٹھ کر ہی مسلہ کا حل نکلے گا۔
کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام س کے مرکزی امیر مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ اگر دنیا نے افغان حکومت کو تسلیم نا کیا تو یہ جنگ پھیلنے کا خدشہ ہے تمام مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے اے پی سی بلائیں گے۔
قومی کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امارات اسلامی کا وجود مولانا سمیع الحق کی کوششوں کا نتیجہ ہے آج تمام دنیا امارات اسلامی کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے افغانستان میں اسلامی امارت کا قیام کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے ضروری ہے۔۔ پاکستان کو فوری طور پر افغانستان کی اسلامی امارت کو قبول کرنا چاہیئے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام اداروں کو تباہ کر دیا نیب کو بھی اپنی مٹی میں کرنا چاہتی ہے عوام اب ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے تنگ آ چکی ہے۔
تقریب سے مولانا مفتی تقی عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کا عظیم تحفہ طالبان ہے افغانستان میں اب وہ حکومت میں ہے افغان طالبان میں بیشتر دارالعلوم حقانیہ سے فارغ ہوچکے ہیں۔