ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کا روپے کی قدر کے اتار چڑھاؤ میں مداخلت کا اعتراف

Published On 03 November,2021 04:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں کے اتار چڑھاؤ میں مداخلت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا میں مرکزی بینکس مداخلت کرتے ہیں- مارکیٹ میں طلب و رسد ایکس چینج ریٹ کا تعین کرتا ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس کو ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایکسچینج ریٹ کی حرکت کا مہنگائی پر اثر پڑتا ہے، ایکسچینج ریٹ کا اثر اس وقت مہنگائی پر نظر آتا ہے، اس وقت خوراک اور توانائی کی مہنگائی پوری دنیا میں ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 6.5 ملین ڈالر لاہور میں ایک شخص سے پکڑے گئے ہیں، ڈالر افغانستان سمگل ہورہا ہے جس سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔ ڈپٹی گورنر سٹیٹ نے چیئرمین کمیٹی کی بات سے اتفاق کیا-

چیئر مین کمیٹی نے کہا کہ 23 بار عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس جانے کے باوجود پاکستان گرے لسٹ میں ہے-مہنگائی کے باعث پاکستان کے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں-

سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ ڈالر کی اڑان سے فائدہ ہونے کی باتیں درست نہیں ہے-گورنر اسٹیٹ بینک کا بیان حقائق کے برعکس ہے-آج روپیہ ٹکے سے بھی آدھا ہوگیا ہے-ڈالر کے حوالے سے عالمی ادارے کہہ رہے ہیں کہ 200 تک جائے گا-ایک دم ڈالر کے اوپر جانے پر اسٹیٹ بینک نے کوئی جواب نہیں دیا-ہمیں تو حکومت کی کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آتی-

چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ جو بیان گورنر سٹیٹ بینک نے دیا اس کا کیا مقصد تھا؟-حکومت کے غیر ذمہ دار بیانات کا عوام پر اثر پڑتا ہے-گورنر سٹیٹ بینک کوئی سیاسی عہدہ نہیں، ان کو سیاسی بیان نہیں دینے چاہیے-

سینیٹر کامل علی آغا نے کہاکہ گورنر سٹیٹ کا بیان غلط ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو اس سے نقصان ہورہا ہے، روپے کی قدر کو مستحکم کرنا حکومت اور اسٹیٹ بینک کی ذمہ داری ہے-

سینیٹر انوار الحق نے کہا کہ انہیں افسوس ہورہا ہے کہ گورنر سٹیٹ بینک نے ایسا بے تکا بیان دیا- ایسے بیان کا سٹیٹ بینک کے لوگ دفاع کررہے ہیں- روپے کے اتار چڑھاؤ پر قابو پانا سٹیٹ بینک کی ذمہ داری ہے -جب سے گورنر اسٹیٹ بینک آئے ہیں روپے کی قدر میں بہت بڑی کمی آئی۔

سینیٹر سعدیہ عباسی کا کہنا تھا کہ مہنگائی پاکستان میں بلکل بے قابو ہوچکی ہے-یوٹیلیٹی پرائسز اور آئل پرائسز میں اضافہ ہورہا۔

سینیٹر مصدق ملک نے کہا کیا سٹیٹ بینک نے پچھلے تین سال میں ڈالر کی قیمت کے حوالے کوئی مداخلت نہیں کی؟تین سال میں 50 فیصد روپے کی قدر میں کمی ہوئی اور برآمدات 3 فیصد بڑھیں-درآمدات زرا کم ہوئیں تو شادیانے بجائے گئے-روپے کی قدر میں کمی سے جی ڈی پی تباہ ہوئی- اب پالیسی ریٹ بڑھانے کی بات ہورہی ہے تو پھر معیشت ڈوبنے کا خطرہ ہے-ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہوتو کیپسٹی پیمنٹ میں 3 ارب روپے کا اضافہ ہوتا ہے-

سینیٹر ولید اقبال نے بھی گورنر سٹیٹ بینک کے بیان کو حقائق کے منافی قراردیا-سینیٹر کامل علی نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کیسے مداخلت کرتی ہے؟ ہمیں بتایا جائے- ڈالر 153 سے 175 پر چلا گیا- سٹیٹ بینک نے مداخلت کیوں نہیں کی-

سینیٹر فیصل سبزواری نے کہاکہ جب میکنزم ہے تو پھر بتایا جائے کہ کس وقت مداخلت کی جاتی۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ دوسری عالمی جنگ کے بعد کورونا سب سے بڑا دنیا کیلئے شاک تھا۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ایک دفعہ اضافہ ہوجائے تو پھر کمی نہیں ہوتی-اسحاق ڈار کو اسحاق ڈالر کہتے تھے کہ وہ گیمبلنگ کرتے تھے-آج تو 24 دفعہ گیمبلنگ ہوئی ہے اور کوئی پوچھتا نہیں ہے-
 

Advertisement