کراچی: (دنیا نیوز) اسٹیٹ بینک نے ڈالر کی مانٰیٹرنگ سخت کردی۔ 10 کے بجائے اب 5 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کرنے سے قبل مرکزی بینک کو آگاہ کرنا ہوگا ۔ کنزیومر فنانسنگ کی شرائط سخت کردی گئیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بینک ہر 5 کاروباری دنوں میں ہونے والی متوقع ادائیگیوں کی پیشگی تفصیلات سے روزانہ کی بنیاد پر مرکزی بینک کو آگاہ کریں۔
بینکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈالر کی طلب پر مانیٹرنگ سخت کرنا ہے، اس کے علاوہ تجارتی خسارے کو لگام دینے اور معشیت میں طلب کا زور کم کرنے کے لیے مرکزی بینک نے کنزیومر فنانسنگ جیسے گاڑی یا پرسنل لون کی شرائط کو بھی سخت کردیا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق ایک ہزارسی سی سے زائد پاور کی گاڑیوں کے لیے قرضے کی زیادہ سے زیادہ مدّت سات سال سے کم کر کے 5 سال کردی گئی ہے، فی شخص گاڑی کے لیے زیادہ سے زیادہ قرض 30 لاکھ روپے تک لے سکتا ہے ۔ ڈاون پیمنٹ 15 کے بجائے 30 فیصد ہوگی۔ نئی شرائط کا اطلاق ملک میں اسیمبل ہونے والی الیکٹرک گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔