لاہور: (دنیا نیوز) کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق پنجاب سب کیبنٹ کمیٹی امن و امان اجلاس میں 100 مزید کالعدم تنظیم کے کارکن رہا کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کالعدم تنظیم کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دیدی گئی، 7 اے ٹی اے کے تحت درج چار ایف آئی آرز سے بھی نام خارج کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
ذرائع حکومتی کمیٹی کے مطابق اجلاس کی سربراہی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ظفر نصراللہ، آئی جی پنجاب راؤ سردار اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں کالعدم تنظیم سے متعلق اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اجلاس میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی مانیٹرنگ سے متعلق اہم احکامات جاری کئے گئے، کالعدم تنظیم کے متعدد افراد کو فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔