بڑھتی مہنگائی: حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب

Published On 06 November,2021 10:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس آج سہ پہر طلب کرلیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔

نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، محمود خان اچکزئی، ڈاکٹر مالک بلوچ، آفتاب شیرپاو، اویس نورانی، پروفیسر ساجد میر اور دیگر شرکت کریں گے۔ قائدین وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ مولانافضل الرحمان وڈیو لنک پر ڈی آئی خان سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمت عملی زیر غور آئے گی، دس نومبر کو طلب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بارے مشترکہ جامع حکمت عملی بنانے پر بھی غور ہوگا۔

حکومت کو طلب کردہ مشترکہ اجلاس سے اٹھارہ بل پاس کروانے ہیں جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے، ای ووٹنگ اور الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کے بل بھی شامل ہیں۔