پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس ملتوی، کالے قوانین پر حکومت کو شکست ہوچکی: شہباز شریف

Published On 10 November,2021 05:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے کا مطلب ہے کہ کالے قوانین پر حکومت کو شکست ہوچکی ہے۔

اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے التوا پر کہا کہ اپنے ارکان اور اتحادیوں کے عدم اعتماد کے بعد عمران نیازی کو مستعفی ہوجانا چاہئے، مشترکہ اجلاس کو ملتوی کرکے عمران صاحب نے یوٹرن کی اپنی روایت قائم رکھی۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے کا مطلب ہے کہ کالے قوانین پر حکومت کو شکست ہوچکی ہے۔ مشترکہ اجلاس جلد بازی میں بلانے اور پھر عجلت میں ملتوی کرنے سے حکومت کی غیرسنجیدگی عیاں ہے ، قانون سازی جیسے حساس اور سنجیدہ معاملے کو بچوں کا کھیل بنادیا گیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محسوس ہوتا ہے کہ گزشتہ روز کی شکست نے حکومت کو اجلاس ملتوی کرنے پر مجبور کیا ہے، میدان میں مقابلہ کرنے کے دعوے کرنے والے میدان سے بھاگ گئے۔

دوسری طرف ٹویٹر پر مریم نواز نے لکھا کہ ابھی ابھی ریجیکٹڈ خان صاحب تقریر جھاڑ رہے تھے کہ اراکین مشترکہ اجلاس میں جہاد سمجھ کر ووٹ کریں۔ تو کیا قوم یہ پوچھ سکتی ہے کہ جہاد اچانک ملتوی کیوں کرنا پڑا؟ ویسے تو قوم سب جانتی ہے مگر پھر بھی پوچھنا تو بنتا ہے!

 

Advertisement