اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت دیرینہ عالمی تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے او آئی سی کے نمائندہ خصوصی نے وفد کےہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کا موقف دہرایا۔
عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی انسانی بنیادوں پر مدد کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کے لیے ضروری ہے۔ عالمی نمائندے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آزادانہ تحقیقات رپورٹ کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین سمیت دیرینہ عالمی تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے، مسلم امہ اسلاموفوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے، مسلم امہ اسلاموفوبیا سمیت انتہا پسندانہ نظریات کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے متحد ہوں۔