لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد پنجاب میں عدالتی کیسز کے لئے مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالتوں میں زیر سماعت حکومت کیسز کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے عدالت کیسز کے بارے میں حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان کو رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں 4500کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتوں میں سرکاری کیسز میں بھر پور پیروی اور مانیٹرنگ کی جائے۔ اس ہدایت کے بعد پنجاب میں عدالتی کیسز کے لئے مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
مانیٹرنگ سیل صوبائی وزیر قانون کی زیر نگرانی روزانہ کی بنیاد پر کیسز پر پیش رفت کو مانیٹر کرے گا، راجہ بشارت نے پنجاب میں مانیٹرنگ سیل کا پہلا اجلاس پیر کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے متعلق سپریم کورٹ میں7کیسز زیر سماعت ہیں، 1063کیسز ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں، 70کیسز ٹربیونلز میں زیر سماعت ہیں، ڈسٹرکٹ کورٹس میں 100سے زائد کیسز چل رہے ہیں۔
وزیر قانون راجہ بشارت کی ایڈووکیٹ جنرل اوردیگر حکام کے ساتھ مشاورت ہوئی، سرکاری کیسز کے حوالے سے عدالتوں میں حکمت عملی کے لئے متعدد تجاویز پرغور کیا گیا۔