اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے عمران خان کو کامیاب جوان پروگرام کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو کامیاب جوان پروگرام کی 02 سالہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوتھ انٹرپرینیور سکیم کے تحت 23 ارب روپے مالیت کے 16 ہزار 617 رعایتی کاروباری قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں، نوجوانوں کو اب تک 4.7 بلین روپے کی لاگت سے ایک لاکھ ایک ہزار 447 سکل اسکالرشپ دیئے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے کیونکہ ہماری آبادی کا 68 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے، ہم نوجوانوں کی اس کثیر تعداد کو ملک و قوم کے لیے ایک عظیم سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، تاکہ بہتر تعلیم اور ہنر کے ذریعے ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکے۔
عمران خان نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے میں تبدیلی کا اصل محرک ہوتے ہیں، ہم ان کی توانائیوں کو اپنے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک مثبت سمت میں استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کی زندگی کے تمام شعبوں میں موثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں اعلیٰ مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے۔