اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کرنے کے بعد حکومت متحرک ہو گئی، وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں اور کورکمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔
وزیر اعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ ،فضل محمد اور رمیش کمار نے ملاقات کی اور اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم سے رکنِ قومی اسمبلی سردار نصراللہ خان دریشک نے بھی ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ خواتین ارکان قومی اسمبلی نورین ابراہیم، عالیہ حمزہ، سائرہ بانو اور روبیہ جمیل نے بھی ملاقات کی۔۔
عمران خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی ملا قات کی اور جی بی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے ، وفاقی حکومت ہر ممکن مدد کرےگی۔
دوسری طرف وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس جمعے کو شام چار بجے ہوگا۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور ای وی ایم کے حوالے سے قانون سازی پر غور کیاجائے گا۔