اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی جیت پر فائنل میچ دیکھنے دبئی جانے کا امکان ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیمی فائنل میچ کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اگر ہم فائنل میں پہنچے تو دیکھنے ضرور جائیں، آج پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دو بڑی اور تگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم نے فائنل میں نیوزی لینڈ سے سیکورٹی کا مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے، آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے، تمام کھلاڑیوں کے پاس سپر سٹار بننے کا موقع ہے، پانچ مختلف پلیئرز کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔
دوسری جانب وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام میچز میں ہمارے شاہینوں نے زبردست پرفارم کیا، پوری ٹیم نے بھرپور جذبہ کے ساتھ کھیل پیش کیا، امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم فائنل میں بھی پہنچے گی، پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔