وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس آج،وفاقی کابینہ کی میٹنگ منگل کو طلب کرلی

Published On 14 November,2021 10:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی حکومت مخالف تحریک کا جائزہ لینے، سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کے لئے وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس آج جبکہ وفاقی کابینہ کی میٹنگ منگل کو طلب کرلی ہے جس کے لئے آٹھ نکاتی ایجنڈا بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کےمطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے طلب کئے گئے اجلاس میں وفاقی وزراء اور پارٹی سینئر رہنما شریک ہوں گے،اجلاس دن 11 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا جس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے سے متعلق مشاورت ہو گی،اپوزیشن کے ساتھ رابطوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ انتخابی اصلاحات اور دیگر قانونی بلوں کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے جس میں کابینہ کو مہنگائی کے تازہ اعدادو شمار ،وزارتوں اور ڈویژنز میں خالی آسامیوں بارے بریفنگ دی جائے گی جبکہ کابینہ پی او ایف اینڈ ایچ آئی ٹی بورڈ میں منسٹیریل کوآرڈینشن ممبر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ تربت اورخیبر پختونخوا میں آئی جی ایف سی کی تقرری ،کابینہ الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیشن کونسل کی ممبر تقرری کی منظوری دے گی۔

کابینہ حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آْفیسر سے متعلق وزارت توانائی کی سفارشات کاجائزہ لے گی جبکہ احساس راشن رعایت پیکج ،کریانہ مرچنٹ انسنٹیو بارے بریفنگ دی جائے گی اورکمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

 

Advertisement