اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کر رہی ہے، جو کرنا ہے کرلو، جلسے ہر صورت ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی نے قیادت پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں فرحت اللہ بابر ، فیصل کریم کنڈی ، عاصمہ عالمگیر ، نجم الدین خان ، شجاع خان، امجد آفریدی، سید ایوب شاہ، محمد علی شاہ باچا اور شعیب علی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔
پی پی قیادت نے 19اور 30 نومبر کو پشاور میں ہونے والے جلسوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت ملے یا نہ ملنے کے باوجود جلسوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کے ہدایت کر دی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہمارے جلسے روکنے کی کوشش کررہی ہے، پی ٹی آئی کو جو کرنا ہے کرلے، پشاور اور نوشہرہ میں جلسے ہر صورت میں ہوں گے۔ پختونخوا میں پی ٹی آئی کے جلسے ہوسکتے ہیں تو پیپلزپارٹی کے جلسے کیوں نہیں ہوسکتے، اگر عوام اور جیالوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی تو دمادم مست قلندر ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے۔