اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت حکومت کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے بھاگنا پڑا۔
بلاول بھٹو نے قومی و سینیٹ میں اپوزیشن کے تمام اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا، عشائیہ سینیٹ کے بینکوئیٹ ہال میں دیا گیا، عشائیے میں اپوزیشن کے تمام اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز شریک ہوئے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، خورشید شاہ، شیری رحمان، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، شازیہ مری، خواجہ آصف، محسن داوڑ، سینیٹر ہدایت اللہ، اعظم نذیر تارڑ، اسعد محمود، آغا حسین بلوچ، سردار محمد شفیق ترین و دیگر شریک ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری کے عشائیے میں اپوزیشن کی سٹیرنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، پارلیمان میں اپوزیشن کے فیصلے تمام پارٹیوں کے ارکان پر مشتمل سٹیرنگ کمیٹی کرے گی۔ عشائیے میں اپوزیشن نے حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے بھی متفقہ حکمت عملی تشکیل دے دی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت حکومت کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے بھاگنا پڑا۔ حکومتی اتحادیوں سے اپوزیشن کی جانب سے رابطوں کے باعث حکومت کو پارلیمان کا مشترکہ اجلاس مؤخر کرنا پڑا۔ پارلیمان ہی فورم ہے کہ جس کو استعمال کرکے ہم عمران خان کی پالیسیوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔