دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے پاکستان، روس کا مذاکرات جاری رکھنے کا اعادہ

Published On 22 November,2021 09:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور روس نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے مذاکرات جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا انسداد دہشتگردی سے متعلق نوواں اجلاس ماسکو میں ہوا، اجلاس میں سیکیورٹی چیلنجز، دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں علاقائی امن واستحکام کو درپیش چیلنجز اور خطرات پر بھی غور ہوا، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے انسداد دہشتگردی کیلئے ایک دوسرے کی گئی کوششوں کو سراہا اور سیکیورٹی چلینجز سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ وسیع تعاون کے مزید فروغ پر زور دیا۔

اجلاس میں انٹرنیٹ پر غیر ملکی دہشتگردوں کے پروپیگنڈے کے خلاف اقدامات بڑھانے کا عزم کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے مذاکرات جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔

اجلاس میں عالمی فورمز پر اہم امور پر دوطرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ پاک روس مشترکہ ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس آئندہ سال ہوگا۔
 

Advertisement