مظفرآباد :(دنیا نیوز) آزادجموں وکشمیر کابینہ نے اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لئے جلد قانون سازی کی جائے گی۔
وزیراعظم سردارعبد القیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کیا گیا،کابینہ نے بیواﺅں اور یتیموں کی مالی معاونت کےلئے ترمیمی ایکٹ کی منظوری دیدی جس کے مطابق یتیموں اور بیواﺅں کی کفالت کےلئے خصوصی فنڈقائم کیا جائیگا ۔
کابینہ کو احتساب ایکٹ میں ترمیم کے حوالہ سے قائم کمیٹی نے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، شادی بیاہ و دیگر سماجی تقریبات میں ون ڈش سسٹم کو رائج کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ توانائی کی ضروت کو پورا کرنے کےلئے نیٹ میٹرنگ سسٹم کا نفاذکیا جائےگا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی وابستگیوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے ،آزادکشمیر میں بلاتفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے ،احتساب کے نام پر کسی کی تذلیل یا انتقام نہیں ہوگا جبکہ بیواﺅں اور یتیموں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
سردارعبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ حکومت لاوارث افراد کی بھی کفالت کریگی جبکہ لاوارث افراد کی کفالت سے جرائم اور معاشرتی برائیوں میں کمی آئے گی۔