عدالتی احکامات پر نسلہ ٹاور مسمار کرنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری

Published On 24 November,2021 10:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عدالتی احکامات پر کراچی کے نسلہ ٹاور مسمار کرنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، عدالتی سرزنش پر کمشنر کراچی اقبال میمن نے نسلہ ٹاور پہنچ کر اپنی نگرانی میں کاروائی شروع کرا دی ،کثیرمنزلہ عمارت مسمار کرنے کیلئے 3 کروڑ روپے میں ٹھیکہ جاری کر دیا گیا، کاغذی کارروائی بھی جلد مکمل کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران نسلہ ٹاور گرانے سے متعلق کمشنر کراچی کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حکم دیا تھا کہ ابھی جاؤ اور سارے شہر کی مشینری اور اسٹاف کے ساتھ نسلہ ٹاور گرا دو۔

کراچی میں نسلہ ٹاور گرانے کے معاملے پر عدالتی احکامات پر کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئی، سپریم کورٹ رجسٹری میں سرزنش کے بعد کمشنر کراچی نسلہ ٹاور پہنچے۔ کثیرمنزلہ عمارت مسمار کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ہیوی مشینری اور افرادی قوت طلب کر کے کاروائی شروع کردی گئی۔

رات کے وقت بھی کمشنر کراچی اقبال میمن آپریشن کا جائزہ لینے پہنچے اور کارروائی میں مزید تیزی لانے کی ہدایت بھی کردی۔

عدالتی احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے بھی خوب پھرتی دکھائی، نسلہ ٹاور مسمار کرنے کیلئے شارٹ لسٹ کی گئی دو کمپنیز کے بجائے کے ایم سی کنٹریکٹر کو 50روز میں عمارت مسمار کرنے کیلئے تین کروڑ روپے میں ٹھیکہ دے دیا گیا، ڈپٹی کمشنر کے مطابق کاغذی کاروائی بھی جلد مکمل کی جائے گی

سسٹنٹ کمشنر فیروز آباد اسمہ بتول کے مطابق کثیر منزلہ عمارت مسمار کرنے کیلئے تمام احتیاطی اقدمات کئے گئے ہیں، آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق عمارت میں یوٹیلیٹی کنکشن منقطع ہونے کے باعث جنریٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے، بجلی و روشنی کا انتظام ہونے سے آپریشن میں مزید تیزی آئے گی
 

Advertisement