جماعت اسلامی کا سندھ میں بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

Published On 29 November,2021 01:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے بھی سندھ میں بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کہتے ہیں پیپلزپارٹی کے بلدیاتی ترمیمی بل کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے ترمیمی بل کو اداروں پر قبضے کی سازش قرار دے دیا۔

ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ترمیمی آئینی بل کو مسترد کرتے ہیں، پیپلز پارٹی ایسے بلز کی آڑ میں لوٹ مار کا بازار گرم رکھنا چاہتی ہے، وزیراعلی سندھ جھوٹ بول رہے ہیں کہ جماعت اسلامی کی تجاویز پر عمل کررہے ہیں۔

حافظ نعیم نے بلدیاتی ترمیمی آئینی بل کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کیا۔ کہا یکم دسمبر کو کراچی کے 11بڑے چوہراہوں پر دھرنا دیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا 3دسمبر کو یوم سیاہ منایا جائے گا، 12 دسمبر کو سندھ بچاو مارچ کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے رابطہ کرینگے، سندھ اسمبلی کا گھیراو بھی کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی میں پیش کیا جانے والا بل لولا لنگڑا ہے، مقامی حکومتوں کے تحت کامُ کرنے والے اداروں کو سندھ حکومت کے تابع کرنیکی مذمت کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہری اور دیہی کی تقسیم کرکے حکومت سندھ نے خود غیرقانونی حرکت کی ہے۔ تمام ادارے شہری حکومت کےماتحت ہونے چاہیئیں۔