چیئرمین واپڈا کا گریٹر کراچی واٹرسپلائی سکیم کے فور پراجیکٹ کا دورہ

Published On 29 November,2021 04:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے گریٹر کراچی واٹرسپلائی سکیم کے فور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فور اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی ہمراہ تھے۔

پراجیکٹ پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ واپڈا نے کے فور پراجیکٹ کے نظرثانی شدہ ڈیزائن کو مقررہ مدت میں مکمل کر لیا ہے۔ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام ایوارڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔ کنٹریکٹ ایوارڈ ہونے کے بعد کے فور پراجیکٹ پر تعمیراتی کام اگلے 3 سے 4ماہ میں شرو ع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کراچی پیکیج کے تحت کراچی کو 650ملین گیلن یومیہ اضافی پانی فراہم کرنے کیلئے واپڈا کے فور پراجیکٹ کو اکتوبر 2023ء تک مکمل کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔

اِس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے چیئرمین کو پراجیکٹ پر اب تک حاصل کئے گئے اہم سنگ میل کے متعلق بریفنگ دی اور پراجیکٹ کو ٹائم لائنز کے تحت مکمل کرنے کے پلان کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ کے فورپراجیکٹ کراچی کو یومیہ 650ملین گیلن پانی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ قبل ازیں اِس منصوبے کی تعمیر کی ذمہ داری حکومت سندھ کے پاس تھی، تاہم سندھ حکومت کے ساتھ ایک انتظام کے تحت اب یہ منصوبہ وزیر اعظم کے کراچی پیکیج کے تحت وفاقی حکومت تعمیر کر رہی ہے اور اِس پس منظر میں وفاقی حکومت نے واپڈا کو کے فور منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔

دریں اثناء چیئرمین واپڈا نے دادو سے 65کلو میٹر شمال مغرب میں دریائے گاج پر تعمیر کئے جانے والے نائے گاج ڈیم پر اجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔(پراجیکٹس) ساؤتھ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نائے گاج ڈیم بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ تاخیر کے شکار نائے گاج ڈیم پراجیکٹ کی تعمیرمیں حائل مشکلات کو دور کرکے واپڈا نے پراجیکٹ پر تعمیراتی کام دوبارہ کامیابی کے ساتھ شروع کر دیا ہے۔ پراجیکٹ انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے چیئرمین نے اُمید ظاہر کی کہ نائے گاج ڈیم 2024ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔

قبل ازیں، چیئرمین کو نائے گاج ڈیم پراجیکٹ پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔نائے گاج ڈیم کی تکمیل پر پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 3لاکھ ایکڑ فٹ ہو گی جس سے 28 ہزار 8 سو ایکڑ اراضی زیر کاشت آئے گی۔

سندھ کے دورے کے اختتام پر چیئرمین واپڈا نے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سندھ میں جاری واپڈا منصوبوں خصوصاً کے فور پراجیکٹ، نائے گاج ڈیم، سندھ بیراج اور حب ڈیم سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Advertisement