اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ بے حسی اور بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے، ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دیئے ہیں، ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے ملکوں میں خون کے دریا بہہ گئے، وقت ریت کی طرح ہاتھوں سے نکل رہا ہے، بہت توجہ چاہیئے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیالکوٹ کے دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے، غیر ملکی شہری کو جلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے، ذمہ دار عناصر انسان کہلانے کے حقدار نہیں، ملزمان عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی، اسلام امن اور آشتی کا دین ہے، دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔