نوشہرہ:(دنیا نیوز)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن پاکستا ن کی عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، عمران خان کی پالیسیوں کا ثمر، مہنگائی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے، کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔
نوشہرہ میں گفتگو کرتےہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ احتجاج اور لانگ مارچ کا ہوا چھوڑ کر پی ڈی ایم عوام کو بیوقوف بنارہی ہے، بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے، ملک کے وسائل لوٹے گئے ،ملک کا خزانہ لوٹ کر ملک کو مقروض بنایا گیا۔
پرویز خٹک کا مزید کہنا تھاکہ عمران خان عوام کو ریلیف دینے کے لیے کمر بستہ ہے ،میڈیا تنقید برائے اصلاح کرے، اپوزیشن جماعتوں کے الزامات پر عوام کان نہ دھرے، 19دسمبر کو تحریک انصاف کی کامیابی کا سورج طلوع ہوگا، عوام کی خدمت ہماری سیاست کا نصب العین ہے۔