کبھی بنی گالا کے رہائشی اخراجات کیلئے ایک روپیہ تک ادا نہیں کیا: جہانگیر ترین

Published On 15 December,2021 04:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ کبھی بنی گالا کے رہائشی اخراجات کے لئے ایک روپیہ تک ادا نہیں کیا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کےسابق رہنما جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا تھا کہ یہ سوچ بالکل غلط ہے کہ عمران خان کوئی دیانت دار آدمی ہے۔ عمران خان کی صورت حال یہ ہے کہ انہوں نے سالہاسال سے کبھی اپنا گھر خود نہیں چلایا، ابتدا کے اندر جہانگیر ترین والے لوگ 30 لاکھ روپے ماہوار دیا کرتے تھے، ان کا گھر چلانےکے لیے، پھر یہ ہوا کہ 30 لاکھ کے اندر نہیں چلے گا اور 50 لاکھ ماہوار وہاں دینا شروع کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ میرے جیسے مرضی تعلقات ہوں لیکن ہمیشہ سچ بولنا چاہیے۔ میں نے نیا پاکستان بنانے کے لئے جس حد تک ہوسکتا تھا تحریک انصاف کی مدد کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بنی گالا کے رہائشی اخراجات کے لئے ایک روپیہ تک ادا نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے گھر کے خرچے سے متعلق جسٹس (ر) وجیہ الدین کا بیان جھوٹا قرار

خیال رہے کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین پی ٹی آئی ٹریبونل کے سربراہ تھے جنہوں نے 2013 کے انٹرا پارٹی انتخابات میں دھاندلی کرنے پر جہانگیر ترین، علیم خان، پرویز خٹک اور نادر لغاری کو پارٹی کی رکنیت سے معطل کرنے کی تجویز دی تھی۔

اس سے قبل ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے جسٹس (ر) وجیہ الدین کا چئیرمین تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران کے گھر کے خرچے سے منسلک بیان بالکل جھوٹااور غیر منطقی بیان ہے۔ جو بھی عمران خان کو جانتا ہے وہ ان کی خودداری اور دیانت داری کو جانتا ہے۔ وجیہ صاحب پارٹی سے ہٹائے جانے کے دکھ میں اکثر ایسے غیر منطقی بیان دیتے رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین جیسے مسخرے اپنی اہمیت بڑھانے کے لیے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں، ان جیسے لوگوں کو ان کے گھر والے بھی نہیں پہچانتے اس لیے ان مسخروں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
 

Advertisement