عمران خان دنیا بھر کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی شخصیات میں شامل

Published On 15 December,2021 07:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کو دنیا بھر کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی شخصیات میں شامل کر لیا گیا۔

دنیا بھر میں مارکیٹ ریسرچ اور اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی انٹرنیٹ بیسڈ فرم ’’یو گوو‘‘ کی رواں سال کے لئے جاری فہرست میں سابق امریکی صدر براک اوباما دنیا بھر کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی شخصیات میں سرفہرست رہے۔ مشعل اوباما نے مسلسل تیسرے سال بھی دنیا کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی خاتون کے طور پر اپنی پوزیشن پر برقرار رکھی ہے۔ گزشتہ سال سے ہر صنف کے لیے سب سے اوپر تین پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ۔

اوباما نے یہ پوزیشن گزشتہ سال طویل عرصہ تک اس مقام پر رہنے والے بزنس ٹائیکون اورمخیر شخصیت بل گیٹس سے حاصل کی ہے جبکہ بل گیٹس اس فہرست میں مردوں میں دوسرے نمبر پر ہیں جن کے بعد چینی وزیر اعظم لی ہیں۔ اداکارہ انجلینا جولی دنیا میں سراہی جانے والی خواتین کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس سال کے سروے میں فہرست مرتب کرنے کے لیے 38 ممالک اورعلاقوں سے 42,000 سے ز یادہ افراد سے رائے لی گئی۔ پاکستان سے انسانی حقوق کی علمبردار ملالہ یوسفزئی اور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اس سال درجہ بندی میں اوپر آئی ہیں اور ان کا بالترتیب 9واں اور 10واں نمبر ہے۔

مردوں میں ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی 11 ویں سے 7 ویں نمبر پرآ گئے ہیں جبکہ کرسٹیانو رونالڈو چوتھے نمبر پر ہیں۔ خواتین کی فہرست میں اداکارائوں کا حصہ زیادہ ہے ایماواٹسن اور انجیلنا جولی جیسی ادکارائوں ، گلوکارائوں اور ٹی وی میزبانوں نے سروے میں 10 پوزیشنز حاصل کی ہیں۔

مردوں کی فہرست میں سیاست، کاروبار اور کھیلوں کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات زیادہ ہیں۔ رواں سال درجہ بندی میں پہلے20 نمبرز پر نئی شخصیات کا بھی اضافہ ہوا ہے جن میں امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کمیلا ہیرس، بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر، تھائی ریپر لیزا اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن شامل ہیں۔

اس سال کی درجہ بندی میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان، سرمایہ کار وارن بوفے ، بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور چینی اداکارائیں لیو یفی اور یانگ می کی ٹاپ 20 میں دوبارہ شامل ہوئے ہیں۔

سروے کے نتائج بنیادی طور پر دو سوالوں کے جوابات کو ملا کر اخذ کئے گئے ہیں، ایک تو یہ کہ جواب د ینے والا مجموعی طور پر متعلقہ شخصیت کو سراہتا ہے اور دوسرے یہ کہ کیا متعلقہ شخصیت وہی ہے جس کو جواب دہندہ سب سے زیادہ سراہتا ہے۔ ہر ملک کے حوالے سے نتائج میں اس ملک کی آبادی کے حجم کو بھی اہمیت دی گئی ہے ۔
 

Advertisement