اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس آج سہ پہر طلب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاوس میں منعقد ہو گا جس میں وفاقی وزراء اور عسکری حکام شریک ہونگے، اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔ مزید برآں سیالکوٹ واقعے کے پیش نظر اہم مشاورتی اجلاس بھی آج ہو گا ، اجلاس میں سیالکوٹ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکمت عملی پر غور ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان طویل عرصے سے جنگ و جدل میں مبتلا ہمسایہ ملک میں امن کیلئے کوششوں میں مصروف ہے، اس حوالے سے پاکستان نے افغانستان کی معاشی و اقتصادی مدد کیلئے بھی دنیا سے کردار ادا کرنےکا مطالبہ کیا۔ گزشتہ دنوں عالمی ڈورنرز نے افغانستان کے منجمد فنڈز سے اٹھائیس کروڑ ڈالر جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے۔