لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند کے باعث موٹروے اور رنگ روڈ پر حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔ پی آئی اے نے پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کر دی۔
موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، موٹروے ایم 3 لاہور سے رجانہ، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سےعبدالحکیم، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے رحیم یار خان تک دھند کے باعث بند ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے اور رنگ روڈ کو بھی دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دھند کی شدت میں اضافہ کے باعث ایئرپورٹ کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ ایئرپورٹ کے اطراف حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی، جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن معطل ہے۔
سی ٹی او لاہور نے دھند میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے تمام پولیس وہیکلز کی فلیشر لائٹس چلتی حالت میں رکھنے کا حکم دے دیا۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی وارڈنز تعینات ہیں، موٹروے کی بندش سے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کا لوڈ رہے گا، شہری فوگ لائٹس اور شیشوں پر نمی نہ آنے دیں۔
سی ٹی او منتظر مہدی نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں گاڑی کو انتہائی بائیں سائیڈ پر پارک کریں، چلتی گاڑی سے ہاتھ، منہ نکالنے سے پرہیز کیا جائے، شہری مدد و راہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 15 پر فوری کال کریں، شہریوں کو راستہ ایپ اور ایف ایم 88.6 سے دھند بارے ہمہ وقت آگاہ رکھا جائے گا۔