پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی مہم آج رات ختم ہو جائے گی۔ 19 دسمبر کو مجموعی طور پر 66 تحصیل کونسلز اور 2382 نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کی نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔ ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 662 ووٹرز حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔
خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں بلدیاتی الیکشن 19 دسمبر کو ہوگا۔ ایک کروڑ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے۔
17 اضلاع میں انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 9 ہزار 223 پولنگ اسٹیشن اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے جائینگے، جس میں 2 ہزار 528 پولنگ اسٹیشن نارمل، 4 ہزار 122 حساس جبکہ 2 ہزار 507 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
تحصیل چیئرمین، میئر کے لئے 689، ویلیج و نیبرہڈ کونسل کے لیے 19 ہزار 285 خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870، مزدور کسان نشستوں پر 7 ہزار 428، یوتھ کے لیے 6 ہزار 11 اور اقلیت نشستوں کے لیے 293 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔