اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے وزراء کو جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی باتوں پر بات کر کے وقت ضائع نہ کریں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے الزامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے بیانات کو میڈیا نے اتنا اچھالا، میرے کوئی لاکھوں کے اخراجات نہیں، اپوزیشن کی کرپشن پر کوئی بات نہیں کرتا، اپوزیشن لیڈرز نے ملکی خزانہ لوٹا، اس پر زیادہ بات ہونی چاہیئے۔
مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے وزیراعظم اور شرکاء کو کیس کے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے منی لانڈرنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا پیسہ منی لانڈرنگ میں استعمال ہوا، احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
ملک میں توانائی کی تازہ صورتحال، گیس کی قلت اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر توانائی حماد اظہر نے وزیراعظم عمران خان اور شرکا کو بریف کیا۔ وزیراعظم کو مہنگائی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے معاشی اعدادوشمار پر اعتماد میں لیا اور بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ اقدامات سے مہنگائی میں کمی کا ٹرینڈ دیکھنے میں آئے گا۔ عمران خان نے کہا کہ عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومتی ترجیحات ہیں۔