لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ افغانستان اس وقت اقتصادی و غذائی بحران اور بین الاقوامی پابندیوں کا شکار ہے، چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک ایک دوسرے کی مدد کریں تو انہیں غیروں کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑیں۔
سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے اعجاز الحق اور مقبول شیخ نے ملاقات کی۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں چودھری سالک حسین ایم این اے اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ او آئی سی کانفرنس کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے، کانفرنس کی حد تک ہی نہیں عملی طور پر بھی تمام مسلمان کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔
چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک باہمی اختلافات بھلا کر افغانستان کی مدد کریں، یہ انسانیت کی بھی خدمت ہے۔